ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوگی حکومت کا ’مشن تغذیہ‘ صرف کاغذوں میں ہے: اجے للو

یوگی حکومت کا ’مشن تغذیہ‘ صرف کاغذوں میں ہے: اجے للو

Mon, 07 Jun 2021 23:43:00    S.O. News Service

لکھنؤ،7؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) اترپردیش کانگریس صدر اجے کمار للو نے آج کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ 46 فیصدی عدم تغذیہ کے شکار بچوں کا اترپردیش میں ہونا ثابت کرتا ہے کہ یوگی حکومت کا مشن تغذیہ کاغذوں پر ہی ہے اور اس کا زمینی حقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انھوں نے پیر کو کہا کہ چھ مہینے سے 6 سال تک کے بچوں میں عدم تغذیہ کی 46 فیصد شرح سے یہ سمجھا جا سکتا ہے۔ کہ حکومت کا مشن تغذیہ پوری طرح سے بدعنوانی کا شکار ہوچکا ہے جس کی وجہ سے یومیہ تقریباً 700 بچے وقت سے پہلے سرکاری لاپرواہی کی وجہ سے موت کے منھ میں جا رہے ہیں اور حکومت اپنے گال بجانے میں مست ہے۔

اجے للو نے کہا کہ اطفال شرح اموات میں اترپردیش ملک میں پہلے پائیدان پر کھڑا ہوکر ترقی کی گاتھا کی جھوٹی کہانی بتا رہا ہے جبکہ زمینی سچ یہ ہے کہ ہر 10میں سے 4 بچے شدید طور سے عدم تغذیہ کا شکار ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کا جسمانی نشونما کے فروغ میں روکاوٹ آتی ہے۔ عدم تغذیہ جیسے شدید مسئلے کو معمولی سمجھتے ہوئے اس کے لئے جاری بجٹ کا غلط استعمال کیا جانا اس مسئلے کو مزید نازک بناتا ہے اور اس کے لئے ریاستی حکومت کا بدعنوانی کو فروغ دینے والا کردار ہے۔ ریاستی صدر نے کہا کہ سال 2022 تک عدم تغذیہ کا بحران ختم نہیں ہوسکتا ہے۔ ایسے میں یوگی حکومت بتائے کہ بچوں کو عدم تغذیہ سے بچانے کے لئے وہ کب تک ٹھوس اقدام کو حتمی شکل دے گی۔


Share: